Friday, 29 November 2024


فیس بک دماغی بیماریوں کےعلاج میں کارآمد ثابت

 

ایمز ٹی وی ( صحت) بین الاقوامی طبّی جریدے ’’دی لینسٹ سائیکاٹری‘‘ میں شائع ہونے والی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دماغی بیماریوں کی تشخیص اور(ممکنہ طور پر) علاج میں فیس بُک پر کسی شخص کی سرگرمیوں سے خاصی مدد لی جاسکتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ میں نفسیاتی علاج (سائیکاٹری) کی ماہر ڈاکٹربیکی انکسٹراوران کے ساتھیوں نے 2004ء میں فیس بُک کی ابتداء سے لے کرآج تک اس سوشل میڈیا ویب سائٹ پرہونے والی چیدہ چیدہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا؛ جبکہ سوشل میڈیا پرکئے گئے سابقہ مطالعات بھی استعمال کئے۔

تفصیلی تجزیئے کے بعد انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ فیس بُک پراسٹیٹس اپ ڈیٹس، کمنٹس، شیئرز، لائکس، فرینڈ، ان فرینڈ اورایسی دوسری سرگرمیوں کو مدنظررکھتے ہوئے کسی شخص میں ڈپریشن (اضمحلال) اورشیزوفرینیا (اسکیزوفرینیا) جیسی نفسیاتی بیماریوں کی نہ صرف بروقت تشخیص کی جاسکتی ہے بلکہ ان کا ممکنہ علاج بھی کیا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا کا استعمال مسلسل بڑھتا جارہا ہے جہاں ہرعمر، ہرطبقے اورہرطرح کی سوچ رکھنے والے افراد اپنے خیالات کا اظہاربڑی آزادی سے کرسکتے ہیں۔ البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پراظہارِ خیال کی یہی آزادی جس میں دوست بنانے، رائے دینے، دوسرے کی بات آگے پہنچانے اورپسند یا ناپسند جیسے شخصی رجحانات شامل ہیں، ہمارے سامنے کسی بھی فرد کی شخصیت کو آئینے کی طرح صاف کردیتے ہیں۔ جائزے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ لوگ نفسیاتی معالج کو اپنے بارے میں جو کچھ بھی بتاتے ہیں اس کے مقابلے میں ان کی کہیں زیادہ معلومات سوشل میڈیا پر ان کی متواترسرگرمیوں کی بنیاد پرحاصل کی جاسکتی ہیں؛ اور یہ بات خاص طورپرنوجوانوں کےلئے درست ہے۔

بیکی انکسٹرکہتی ہیں کہ اس طرح سوشل میڈیا پر کسی شخص کی سرگرمیاں نفسیاتی ماہرین کے بہت کام آسکتی ہیں۔ مثلاً اگر کوئی شخص ڈپریشن کا مریض ہو تو وہ تواتر سے ایک خاص انداز میں اپنا اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتا رہے گا، دوسروں کی پوسٹوں پر اس کا ردِعمل بھی اسی مخصوص انداز کے تابع ہوگا جبکہ وہ ڈپریشن کا پتا دینے والی پوسٹس خاصے تواتر سے شیئر بھی کرائے گا۔ سوشل میڈیا پر اس شخص کی یہ تمام سرگرمیاں مجموعی طور پر نہ صرف ڈپریشن کی کیفیت کا پتا دیں گی بلکہ اس کے نفسیاتی معالج کی رہنمائی بھی کریں گی تاکہ وہ درست سمت میں اس کا علاج بھی کرسکے۔

شیزوفرینیا اور دوسری دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد کا معاملہ بھی کچھ اسی طرح کا ہے۔ غرض یہ کہ نفسیاتی امراض/ دماغی بیماریوں کی تشخیص اور ممکنہ علاج کے ذیل میں سوشل میڈیا ایک غیرمعمولی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ البتہ اس کےلئے نفسیاتی معالجین کو مناسب تربیت فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا کہ وہ اپنے پاس آنے والے کسی نفسیاتی مریض کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا کس طرح جائزہ لیں اور بیماری کی نوعیت، شدت اور ضروری علاج کا تعین بھی کرسکیں۔

 

Share this article

Leave a comment