Friday, 29 November 2024


سانحہ ناظم آباد کے غم میں آج سوگ کا اعلان


ایمز ٹی وی(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سانحہ ناظم آباد کے غم میں کل اتوار کو سوگ کا اعلان کردیا، اس موقع پر تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، دفاتر پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق اتوار کو تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور اندرون سندھ سمیت ملک بھر میں قائم ایم کیو ایم کے تمام زونل اور تنظیمی دفاتر پر ظہر تا عصر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

اس سلسلے کا مرکزی اجتماع پیر الہیٰ بخش کالونی میں واقع ایم کیوایم کے عارضی مرکز پرمنعقد ہوگا جس میں سانحہ ناظم آباد کے شہدا کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور سانحے میں زخمی ہونے والوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

قرآن خوانی کے مرکزی اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست اراکین سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندے ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان بازوں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ آج شام ناظم آباد چار نمبر کے علاقے میں واقع لاروش ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، اندوہناک واقعے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔

فائرنگ خواتین کی مجلس عزا پر کی گئی۔ واردات کے بعد مسلح ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں بآسانی کامیاب ہوگئے۔ واقعے کا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے

Share this article

Leave a comment