Thursday, 28 November 2024


ورلڈکپ 2015 میں پاکستان سابق اسٹارز کی خدمات سے استفادہ کرے گا

ایمزٹی وی (کھیل)   چیف سلیکٹر و ٹیم منیجرمعین خان نے کہا ہے کہ بہتر نتائج کے لئے دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمین حنیف محمد سمیت دیگر نامور کھلاڑیوں سے رابطہ کریں گے، کراچی میں سابق کپتان کی سالگرہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حنیف محمد عظیم کھلاڑی رہے، دنیا کے بڑے بڑے کرکٹرز ان کے گن گاتے تھے، ان کے نقش قدم پر چلنے والے کھلاڑیوں نے بھی نام کمایا، حنیف محمد کی بیٹنگ تکنیک کھلاڑیوں کے لیے مثالی نمونہ ہے، عالمی کپ سے قبل کوشش کریں گے کہ پلیئرز کا ان کے ساتھ کوئی سیشن رکھا جائے، اس سے بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان و سینئر بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ میں نے اپنی کرکٹ میں حنیف محمد سے بہت رہنمائی حاصل کی۔ ان کا انداز اور تکنیک میرے لیے باعث افتخار ہے، میں نے کبھی خواب میں نہ سوچا تھا کہ عظیم کرکٹر کے ساتھ بیٹھ سکوں گا، انھوں نے ہمیشہ میری مدد کی اور مجھے کرکٹ کے بنیادی رموز سے آگاہ کیا، انھوں نے کہا کہ وہ میرے لیے رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں، میری خواہش ہے کہ ان کی طرح طویل اننگز کھیل سکوں، حنیف محمد کی خدمات کے اعتراف میں کرکٹ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا کہ حنیف محمد نئے کرکٹرز کے لیے عظیم مثال ہیں۔ آل راؤنڈر انور علی نے کہا کہ کرکٹ کی تاریخ میں حنیف محمد کا نام ہمیشہ امر رہے گا۔ سابق ٹیسٹ اوپنر صادق محمد نے کہا کہ میرے لیے یہ بات ہی باعث فخر ہے کہ حنیف محمد میرے بڑے بھائی ہیں۔

Share this article

Leave a comment