Thursday, 28 November 2024


ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت پاکستان بھی ڈالرز کی برسات میں بھیگے گا

ایمزٹی وی (کھیل)  سیزن کا اختتام رینکنگ میں چوتھے نمبر پر کرنے والے گرین کیپس کو ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر کا خصوصی بونس ملے گا، تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کے ہاتھ 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر آئیں گے، ٹاپ پوزیشن پر قبضے کے لیے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان بدستور جنگ جاری ہے۔ ادھر پلیئرز رینکنگ میں کپتان مصباح الحق کی ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں واپسی ہوئی، یونس خان ساتویں نمبر پر براجمان ہیں، ایک درجہ خسارے سے اسد شفیق 18 ویں درجے پر پہنچ گئے، سعید اجمل کی بغیر کھیلے تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ 12ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی رینکنگ کے لیے سالانہ کٹ آف ڈیٹ یکم اپریل ہوتی ہے لیکن چونکہ اس بار فروری اور مارچ میں ورلڈ کپ شیڈول ہے، اس لیے جنوبی افریقہ و ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیاو بھارت  کے درمیان بالترتیب2 اور 3 جنوری سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچز سیزن کے آخری پانچ روزہ مقابلے ہیں۔ جنوبی افریقہ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کرنے سے صرف ایک ڈرا میچ دور ہے۔

اگر پروٹیز کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلا ف میچ بے نتیجہ بھی ختم کرتے ہیں تب بھی5 لاکھ ڈالر کیش ایوارڈ کے مستحق ہوں گے، البتہ اگر ہار گئے اور آسٹریلیا نے سڈنی میں بھارت کو شکست دے دی تو پھر کینگروز 0.2 پوائنٹس سے پروٹیز پر سبقت پاکر ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں، جو سائیڈ دوسرے نمبر پر رہے اس کے حصے میں 3 لاکھ 90 ہزار ڈالر آئیں گے۔ اس سیزن کے اختتام پرانگلینڈ کی تیسری اور پاکستان کی چوتھی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

Share this article

Leave a comment