ایمز ٹی وی (لاہور) سلمان تاثیر کی برسی کے موقع پر حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔مقدمہ میں انسداد دہشت گردی اور اغوا سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ نمائندہ سول سوسائٹی عبداللہ ملک کی مدعیت میں گلبرگ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔حملے کے الزام میں 19 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنھیں گزستہ روز موقع پر دیکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب کی چوتھی برسی کے موقع پر سول سوسائٹی کی جانب سے سلمان تاثیر کی یاد میں شعمیں روشن کرنے کی تقریب لبرٹی گول چکر میں منعقد کی گئی۔تقریب جاری تھی کہ نامعلوم افراد نے حملہ کر کے تقریب میں شریک افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور سلمان تاثیر کے پوسٹر بھی پھاڑ دیے۔اس دوران موقع پر موجود افراد کو تشدد سے بچنے کے لیے وہاں سے بھاگنا پڑا جبکہ نامعلوم افراد نے موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔