Friday, 29 November 2024


ہم عوام پر ظلم نہیں ہونے دیں گے،خورشید شاہ


ایمز ٹی وی(کراچی) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے اور ہم عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عوام پر قرضوں اور ٹیکسوں کے ناقابل برداشت بوجھ لادنے کے بعد حکومت اب براہ راست عوام کی جیبیں بھی خالی کرنا چاہتی ہے،اس طرح کی عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر حکومت کے یہ دعوے کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں ایک بھونڈا مذاق لگتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت اب غریبوں سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے، پیپلز پارٹی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی، حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکال رہی ہے اور اب براہ راست قیمتیں بڑھا کر عوام پر دہرا ظلم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زبانی دعووں میں تو عوام کو بجلی، صحت ، تعلیم اور زرعی خوشحالی دے چکی ہے مگر عملاً عوام اس دور حکومت میں ہر شعبہ زندگی میں محرومی کا شکار ہو چکے ہیں،ملک پر جس رفتار سے قرضوں کا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ لادا جا رہا ہے اس کا انجام خطرناک ہوگا۔

قائد حزب اختلاف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکا نہ دے، انہیں حقیقی ریلیف مہیا کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے جا اور ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے۔

Share this article

Leave a comment