Saturday, 30 November 2024


محمد علی جناح یونیورسٹی میں کانفرنس کا آغاز

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کی بزنس،مینجمنٹ،اکنامکس اور تعلیم پر دوسری تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس جمعہ 16 دسمبر سے یونیورسٹی کیمپس شارع فیصل،کراچی میں شروع ہوگی جس کا تھیم بزنس اور مینجمنٹ عالمی تنا ظر میں رکھا گیا ہے۔

کانفرنس کے سیکریٹری اور یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر غلام محمد کے مطابق کانفرنس کے انعقاد کا مقصدتحقیق کرنے والوں، ماہرین تعلیم،تحقیق کرنے والے پریکٹشنرز کو تحقیقی کام پیش کرنے ،ریسرچ ورک اور کیس اسٹڈیز کے ضمن میں ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران تقریباً 30 نیشنل اور انٹر نیشنل یونیورسٹیوں کے 154 اسکالرز کے تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے ۔محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرینگے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر مہمان خصوصی ہونگے ۔

کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے دیگر مقررین میں یونیورسٹی آف ملایا،ملائیشیا کے پروفیسر ڈاکٹر راجہ راسیح اور آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی شامل ہیں۔ڈائریکٹر پرائیڈ، ملا ئیشیا ڈاکٹر نواز ناگھوائی اور یونیورسٹی کالج بحرین کے ڈاکٹر سلمان امیر ہدایت کانفرنس کے دیگر اہم مقررین میں شامل ہیں۔

کانفرنس میں وفاقی ایوان تجارت و صنعت، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کاٹی، سائٹ ایسوسی ایشن،پاکستان کرنسی ایکسچینج ایسوسی ایشن،آٹو موبائل ایسوسی ایشن اور دیگر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے علاوہ سی ای اوحبیب میٹرو پولیٹن بینک شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ اس تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد یونیورسٹی آف ملایا،ملائیشیا کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔

 

Share this article

Leave a comment