Saturday, 30 November 2024


فیس بک سے دوری آخر کیوں ہے ضروری؟؟

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بہت زیادہ وقت گزارنا ڈپریشن کا شکار بنا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ ڈنمارک میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

کوپن ہیگن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق فیس بک اور ٹوئٹر پر بہت زیادہ وقت گزارنا ڈپریشن کا باعث بنتا ہے اور جذباتی کیفیات متاثر ہوسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 1100 افراد کی آن لائن عادات اور ذہنی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وقت فیس بک کے صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زائد ہے اور یہ اس دور کا سب سے تیزی سے پھیلنے والا سوشل نیٹ ورک ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ فیس بک ہماری روزمرہ کی زندگی پر کئی طرح سے اثر انداز ہورہی ہے۔

محققین کے بقول فیس بک پر گزارے جانے والے وقت کا دورانیہ ذہنی کیفیات پر اثرانداز ہوتا ہے اور یہ عادت کسی بھی طرح دماغی صحت کے لیے ٹھیک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیس بک کا بہت زیادہ استعمال منفی انداز سے اثرانداز ہوتا ہے اور ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ اس سے دوری دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنادیتی ہے۔

تحقیق کے دوران رضاکاروں کو ایک ہفتے تک فیس بک سے دور رکھا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ ان کی جذباتی حالت میں بہتری جبکہ زندگی میں اطمینان بڑھ گیا ہے۔

محققین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ فیس بک سے مکمل دوری تو انتہاپسندی ہوگی تاہم اس کے استعمال کے دورانیے میں کمی لانے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف ذہنی امراض سے بچا جاسکے۔

 

Share this article

Leave a comment