Friday, 29 November 2024


سی ایس ایس کے امتحانات میں امیدواروں کی بدترین کارکردگی

 


ایمزٹی وی(تعلیم)فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس امتحانات 2016ء کے مایوس کن نتائج پر ایگزامینرز رپورٹس جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق زراعت وجنگلات کے پرچہ میں ایک امیدوار نے سوالات بار بار لکھ کر کئی صفحات بھر دیے، اپلائیڈ میتھ کے پرچہ میں 105 امیدواروں میں سے 55 نے صفر نمبر حاصل کیے، باٹنی کے پرچہ میں صرف چند امیدواروں کی کارکردگی بہتر تھی، بعض امیدواروں نے فارسی کے سوالات کا جواب اردو میں دیا جبکہ کیمسٹری اور فزکس کے پرچوں میں بہت سے امیدواروں نے غیر ضروری مضامین اور کہانیاں لکھ ڈالیں۔

ایف پی ایس سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انگلش مضمون نویسی کے پرچہ میں بیشتر امیدوار گرائمر اور ہجوں سے ناواقف پائے گئے، اسلامک سٹڈیز کے پرچے میں 5 فیصد امیدوار فیل ہوئے جن میں ایک ایسا امیدوار بھی شامل ہے جس نے سندھی زبان میں پرچہ حل کیا۔ زراعت وجنگلات کے پرچے میں 80 فیصد جبکہ اپلائیڈ میتھ کے پرچہ میں 55 امیدواروں نے صفر نمبر حاصل کیے، امتحانات میں امیدواروں کی نصف تعداد 50 فیصد نمبروں سے آگے نہ بڑھ سکی۔

ایگزامینرز کی رپورٹس میں تجویز کیا گیا ہے کہ سی ایس ایس امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ متعارف کروایا جائے، جس میں کامیاب امیدواروں کو ہی مقابلے امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے۔

 

Share this article

Leave a comment