Friday, 29 November 2024


محمد علی جناح آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قائداعظم محمد علی جناح کی 140 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دنیا کے نقشے پر ایک خودمختار ریاست کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد میں بکھرے ہوئے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کیا۔ اپنے مثالی کردار اور قائدانہ صلاحیتوں کی بناء پر قائد اعظم محمد علی جناح آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں
۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت نے مسلمانوں کواپنے مقاصد کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے پر قائل کیا اوراس عظیم مقصد کے لئے انہوں نے اپنی تمام مشکلات اوراختلافات بھلا دیئے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اتحاد، ایمان اورنظم و ضبط کی تعلیمات سے لے کر مسلمانوں نے اپنی اجتماعی منزل کے لئے گراں قدر قربانیاں دیں۔ قائداعظم کے عزم اور وقار کی وجہ سے پاکستان کی تخلیق کی جدوجہد میں لاکھوں لوگ ان کے ہمنوا بنے۔ یہ قائداعظم محمد علی جناح کا بلند کردار اور ساخت تھی کہ ان کی رہنمائی اور قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا وہ قابل عزت تھے یہاں تک کے ان کے مخالفین بھی ان کی دیانت داری، شرافت، بلند مرتبہ اور ایمان اور یقین کا احترام کرتے تھے، وہ ایک بااصول انسان تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بطور قوم قائد اعظم کے اصولوں کو اپنانا چاہئے جوکہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا طریقہ ہے۔ہم قائداعظم محمد علی جناح کو حقیقی معنوں میں تب ہی یاد کرسکتے ہیں جب ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عزم کریں ۔ ہمیں انتہاپسندانہ قوتوں کو شکست دینے کیلئے اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور جمہوری اصولوں کو اختیار کرنا پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے راستہ پر گامزن ہونا پڑے گا۔ ہمیں قومی اتحاد، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کرنا ہوگا۔

قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو بطور قوم اپنے لئے رہنما اصول بنانا ہوگا۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں قائداعظم کے خواب کے مطابق پاکستان کو حقیقی جمہوری ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

 

Share this article

Leave a comment