Saturday, 30 November 2024


بھارت نے تمام حدیں پار کردیں

 


ایمزٹی وی(سری نگر)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ایجنٹوں نے مزیدایک کشمیری کوفائرنگ کرکے شہید کر دیا جبکہ ایک نوجوان کوزندہ جلانے کی کوشش کی گئی۔

گزشتہ روزضلع بارہ مولہ کے علاقے بہرام پورہ رفیع آباد میں اچانک بھارتی مسلح ایجنٹ نمودارہوئے اورایک نوجوان پراس کے گھر کے باہر اندھا دھند گولیاں چلا دیں، فائرنگ سے32سالہ نذیر احمد میر شہید ہوگیا جس کیخلاف علاقے میں مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے بھارت کیخلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

سمبل کے علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بھارتی نقاب پوش ایجنٹوں نے رات گئے ایک مکان پر دھاوابول دیا، ایک نوجوان کو گھسیٹتے ہوئے گھر سے باہر نکالا اور اسے ایک دکان کے باہرکھمبے سے باندھ کر مار مار کر لہولہان کر دیا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا، نوجوان کوزندہ جلانے کیلیے دکان میں آگ لگادی گئی اوربھارتی ایجنٹ وہاں سے فرار ہو گئے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک قراردی ہے۔ جس دکان کوآگ لگائی گئی اس میں لاکھوں روپے کامال خاکسترہوگیا۔

کشمیریونیورسٹی میں طلبانے ٹھٹھرتی سردی اورجھیل ڈل کی سرد ہواؤں کی لپیٹ میںشام، فلسطین، حلب اوردیگریورپی اورافریقی ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ طلبا وطالبات نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کیلیے کام کرنیوالے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افریقا، امریکا، اسرائیل، شام اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکیں۔ بھارتی فورسز نے حریت کانفرنس کے6ماہ بعد ہونیوالے ایک اجلاس پر پابندی لگادی اورقائدین کو اجلاس میںشرکت کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔ حریت کا اجلاس حیدرپورہ میں سیدعلی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہونے والا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment