Thursday, 28 November 2024


کراچی یونیورسٹی میں نئے تعلیمی سال کا آغاز  ہو گیا 

 ایمز ٹی وی( ایجوکیشن ڈیسک) کراچی یونیورسٹی میں نئے تعلیمی سال کا آغاز  ہو گیا ہے، شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر محمد قیصر نے نوواردان جامعہ کراچی کو نئے تعلیمی سال 2015ء کے آغاز پر خوش آمدید کہتے ہوئے باورکرایا ہے کہ طلباء خود کو حصول علم کے لئے وقف کردیں ،کیوں کہ آپ کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہوگئی ہیں- اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم وضبط رکھئے ،آپ کی دانش گاہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں جو آپ سب کے لئے فخرکا باعث ہونا چاہیے، جامعہ میں آپ کی آمد کا تقاضا ہے کہ حصول علم اور تحقیق میں آپ زیادہ سے زیادہ اپنا وقت صرف کریں- موجودہ دور میں آپ کو جدید ’’علوم وفنون‘‘ تک رسائی کے ایسے مواقع میسر ہیں جس کا ماضی میں تصور بھی محال تھا- جامعات ملک و معاشرے کو قیادت فراہم کرتی ہیں،جامعہ کراچی ایک عظیم درسگاہ ہے جو آپ کے لئے اپنے تمام تروسائل ’’وقف‘‘ کئے ہوئے ہے- لہذا اپنے بہتر اور روشن مستقبل کے لئے محنت، دیانت، رواداری اور طلب علم کی خواہش سے آپ یقینا معاشرہ میں ارفع واعلی مقام حاصل کرسکتے ہیں، ملک کو آپ جیسے ذہین اوربہ صلاحیت نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے- ہمارے نامور اساتذہ تدریس وتحقیق کے علاوہ آپ کی رہنمائی اور بہترین لیاقت اورتربیت سے آپ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو ’’جلا‘‘ بخشنے میں اپنا قومی کردار ادا کرنے اور مشفقانہ حسن سلوک برتنے میں بے مثال جذبے کے حامل ہیں- اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ کلاس اور کلاس روم کے باہر اس رابطے کو مستحکم رکھیں تاکہ آپ کی نمایاں ترین کامیابی، جہاں آپ کے والدین کے لئے فخروانبساط کا باعث ہو وہاں آپ اپنے اساتذہ اور مادر علمی کے ’’باراحسان‘‘ کو بھی ہمیشہ یاد رکھیں-

Share this article

Leave a comment