Friday, 29 November 2024


جمہوریت کا مطلب مثبت تنقید کو برداشت کر کے معاملہ فہمی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے

 

ایمزٹی وی(مظفرآباد)وزیر اعظم نواز شریف مظفرآباد پہنچ گئے۔آزاد جموں کشمیرکونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ن لیگ پر پھر پورے اعتماد کا اظہار کیا ،یہاں اندھیروں کو ختم کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں کئی دریا بہہ رہے ہیں اس لیے یہاں بجلی بنانے کی وسیع صلاحیت موجود ہے ،اس صلاحیت کا بھر پور طریقے سے استعمال کرنا چاہیے اور آزاد کشمیر کے کاروباری حضرات سامنے آکر پراجیکٹس پر کام کریں ،حکومت کی جانب سے ان افراد کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چارٹر آف ڈیمو کریسی پر آج بھی قائم ہیں لیکن میں نہ مانوں کہنے والوں کا علاج ہمارے پاس نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مثبت تنقید کا سامنا کر کے اسے برداشت کریں گے اور معاملہ فہمی سے آگے بڑھیں گے اس کے بغیر چلنا مشکل ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب مثبت تنقید کو برداشت کر کے معاملہ فہمی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے ،اس کے بغیر گھر یا خاندان بھی نہیں چل سکتے اور ملک کو بھی ان خصوصیات کے بغیر نہیں چلا یا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ جب چارٹر آف ڈیمو کریسی پر دستخط کیے تو پاکستانی سیاست کی نئی شروعات ہوئی تھی جس پر ہم آج تک قائم ہیں لیکن اگر کوئی اس پر عمل نہیں کر رہا اور میں نہ مانوں والی پالیسی پر چل رہا ہے تو اس کا علاج نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے وسیع میدان کھل رہے ہیں ،سی پیک ایک مثالی منصوبہ ہے جس سے مختلف شعبوں میں ترقی ہو گی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سڑکوں کا اتنا بڑا جال بچھا دیا گیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی ۔

 

Share this article

Leave a comment