Saturday, 30 November 2024


نئی ٹیکنالوجی سے لیس سستے اسمارٹ فون

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو ایپل کے آئی فون سیون پلس میں دو کیمروں کو متعارف کرایا گیا جبکہ یہ چیز پہلے ایل جی کے فون میں بھی سامنے آچکی ہے مگر ان کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ انہیں خریدنا بیشتر افراد کے بس کی بات نہیں۔

تاہم کیا آپ اس نئی ٹیکنالوجی سے لیس ایسا اسمارٹ فون لینا پسند کریں گے جس کی قیمت صرف 25سے 26 ہزار روپے کے لگ بھگ ہو؟

اگر ہاں تو ہیواوے نے اپنا نیا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے جو دو بیک کیمروں والا سب سے سستا فون بھی ہے۔

آنر سکس ایکس نامی یہ اسمارٹ فون 250ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ فون لاس ویگاس میں رواں ہفتے شروع ہونے والے کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر پیش کیا گیا۔

اس کے دو رئیر کیمروں میں ایک بارہ میگا پکسلز جبکہ دوسرا دو میگا پکسلز کا ہے جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسلز کا سیلفی کیمرہ موجود ہے۔ اس فون کا ڈوئل کیمرہ آئی فون سیون پلس کی ٹکر کا ہے اور تصاویر کا معیار بہترین ہے.

یہ فون تین ورژن میں پیش کیا گیا ہے، ایک تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج، دوسرا چار جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج جبکہ تیسرا چار جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج۔

اس میں ہیواوے کا تیار کردہ کرین 655 پروسیسر موجود ہے، ڈوئل سم، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور 5.5 انچ فل ایچ ڈی ڈسپلے بھی ہے۔ جیسا پہلے بتایا جاچکا ہے کہ دو کیمروں والے فون ایل جی جی فائیو، آئی فون سیون پلس اور ایچ ٹی سی ٹین میں موجود ہیں مگر ان کی قیمت بہت زیادہ ہے جبکہ ہیواوے نے بھی آنر 8 میں ڈوئل کیمروں کو متعارف کرایا جس کی قیمت 399 ڈالرز ہے۔

اس آنر سکس ایکس میں اینڈرائیڈ مارش میلو، 3340 ایم اے ایچ بیٹری، فنگر پرنٹ اسکینر، فور جی سپورٹ اور تیز چارجنگ جیسی خوبیاں بھی موجود ہیں جو اسے کم قیمت میں مہنگے فلیگ شپ فونز کے برابر کھڑا کرتی ہیں۔

یہ فون 10 جنوری سے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں رواں ماہ کے آخر تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

 

Share this article

Leave a comment