Friday, 29 November 2024


کسمپرسی کی شکار اداکارہ بل بتوڑی پر قسمت مہربان

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) اگر آپ نوے کی دہائی میں بڑے ہوئے ہیں تو آپ نے مشہور کامیڈی سیریل ’عینک والا جن‘ ضرور دیکھا ہوگا۔ ڈرامے کے کردار نستور جن، زکوٹا جن، ہامون جادوگر، اور بل بتوڑی بچوں کے پسندیدہ کردار تھے۔

وقت گزرتا چلا گیا اور بچوں کو ہنسانے والے خود بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچ گئے۔ انہی میں سے ایک کردار بل بتوڑی (نصرت آرا) آج کل نہایت کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

نصرت آرا پر چند روز قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد ان کے علاج کی ذمہ داری بیت المال نے اٹھا لی ہے۔

عینک والا جن میں اپنے مخصوص جملوں اور اداکاری سے بچوں کو ہنسانے والی نصرت آرا ڈرامے کے اختتام کے بعد شدید غربت کا شکار ہوگئی تھیں۔ روزگار ہی کی تلاش میں وہ 30 سال قبل لاہور منتقل ہوگئی تھیں تاہم وہاں ان کی زندگی سے بد سے بدتر ہوگئی۔

چند سال قبل نصرت آرا پر ایسا وقت بھی آیا کہ ان کے پاس سر چھپانے کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا جس کے بعد مجبوراً انہوں نے کافی عرصہ داتا علی ہجویری کے مزار پر گزارا۔

نصرت آرا کا کہنا تھا، ’میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال ان بچوں کو ہنسانے میں گزار دیے جو اب جوان ہوچکے ہیں۔ اب میں برے حالوں میں ہوں مگر کوئی میری مدد کو نہیں آیا‘۔

انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ کیا یہ ظلم نہیں کہ میں نے اپنی زندگی کی کئی دہائیاں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو دیں اور اب میرے پاس سر چھپانے کو ایک چھت تک نہیں۔

بیت المال کی جانب سے علاج کے اخراجات اٹھانے کے بعد نصرت آرا اب شیخ زید اسپتال میں اپنا علاج کروائیں گی۔

 

Share this article

Leave a comment