Friday, 29 November 2024


پاک امریکا میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) یونیورسٹی آف ٹیکساس (آسٹن) اور ناپا کی جانب سے پاکستان اور امریکا کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے محفل موسقی کا انعقاد کیا، قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں ناپا اور یونیورسٹی آف ٹیکساس کی شراکت داری تین سال مکمل ہونے پر موسیقی کے شائقین کے لیے محفل موسیقی ’’سنگت‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر قائم مقام امریکی قونصل جنرل نے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ’’میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کراچی کے عوام کے لیے نادر موقع ہے کیونکہ اس طرح کی محافل سے دونوں ممالک کے گلوکاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرنےکا موقع حاصل ہوتا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’سنگت کنسرٹ میں جنوبی ایشیا اور مغربی موسیقی کے انداز اور منفرد دھنوں کو بھی پیش کیا گیا، جو بہت بڑی کامیابی ہے‘‘۔

امریکی قونصل خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور ناپا کے درمیان اکیڈمک شراکت ایسے 20 پروگراموں میں سے ایک ہے جن کے لیے امریکی حکومت نے فنڈ فراہم کیے ہیں، ان میں سے 4 شراکتی پروگرام سندھ میں ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ یونیورسٹی آسٹن اور ناپا کے درمیان یونیورسٹی شراکت کا مقصد دونوں اداروں کے موسیقی کے طلبہ اور اساتذہ میں روابط کو بڑھانا اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینا ہے اور موسیقی کے تصورات، موسیقی مرتب کرنے اور پیش کرنے کے فن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے‘‘۔

اس کنسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی آف ٹیکساس اور ناپا کے درمیان تین سال کی اکیڈمک شراکت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا گیا، اس مقصد کے لیے امریکی حکومت نے 10 کروڑ پاکستانی روپے کی امداد بھی فراہم کی ہے۔

میوزیکل پروگرام میں یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ساؤتھ ایشیا انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کامران علی اور ناپا کے ڈائریکٹر پروگرامز راشد محمود نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

 

Share this article

Leave a comment