Saturday, 30 November 2024


ٹویوٹا اور ہونڈا کی جنگ!! خودکار ڈرائیونگ کار

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کمپنی ہونڈا نے اپنی پہلی الیکٹرک رائیڈ شیئرنگ کانسیپٹ گاڑی نو وی متعارف کرا دی ہے۔

یہ گاڑی خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھتی ہے جسے لاس ویگاس میں جاری دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔

اس میں ہونڈا کا آٹو میٹڈ نیٹ ورک اسسٹنٹ دیا گیا ہے جو کہ خود ڈرائیونگ کے تجربے میں بھی مدد دیتا ہے جبکہ یہ سسٹم ڈرائیور کے جذبات اور مزاج سے بھی آگاہ ہوتا ہے اور اس کے مطابق مختلف مشورے دیتا ہے جیسے گانے یا دیگر۔

دو نشستوں کی یہ گاڑی مسافروں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے پروگرام کی گئی ہے، خاص طور پر اُس وقت جب اس کا مالک گاڑی سے دور آرام کررہا ہوتا ہے، اس طرح یہ سواری اپنے مالک کے لیے آمدنی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔

ہونڈا کے مطابق اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ بجلی سے چارج ہونے کے باوجود یہ بل کو بڑھنے نہیں دیتی۔

یعنی اس کا سسٹم ذہانت سے بجلی کے نرخوں کی مانیٹرنگ کرکے اُس وقت ہی چارج کرتا ہے جب اسے لگتا ہے کہ اب لاگت کم سے کم ہوگی۔

اسی طرح یہ گاڑی اضافی بجلی اپنے اندر ذخیرہ کرسکتی ہے جسے بجلی کمپنی کو فروخت بھی کیا جاسکتا ہے تاہم ایسا کیسے ہوگا اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

کمپنی کے بقول درحقیقت یہ گاڑی ایک بجلی کی مارکیٹ کی طرح ہے جو اس کی تجارت کرسکتی ہے۔

اس گاڑی کا ڈیزائن بھی منفرد ہے اور اس کے دروازے 90 ڈگری زاویئے پر اوپر اٹھتے ہیں، جس سے تنگ سے تنگ جگہ پر بھی لوگوں کے لیے اس میں بیٹھنا ممکن ہوسکتا ہے۔

ابھی یہ ایک کانسیپٹ گاڑی ہے اور فی الحال کمپنی کا اس کی پروڈکشن یا فروخت کا ارادہ نہیں۔

تاہم اس کا کہنا ہے کہ یہ ایک جھلک ہے جس سے لوگوں کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں اس کمپنی کی گاڑی میں آرٹیفیشل اور دیگر ٹیکنالوجیز کو کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment