Friday, 29 November 2024


شاہراہ فیصل پر ترقیاتی کام ، ٹریفک متاثر

ایمز ٹی وی (کراچی) وزیراعلیٰ سندھ کے دس ارب روپے کے کراچی پیکیج کے تحت شارع کو کشادہ کرنے کے منصوبے پر مجموعی طور پر 2؍ ارب روپے خرچ ہونگے اور منصوبےمیں بڑا کام ہوٹل میٹرو پول تا اسٹار گیٹ سڑک کے دونوں ٹریک کو جہاں تین لین ہیں انہیں چار لین کیا جائے گا اس کام کا ٹھیکہ 93؍ کروڑ 33؍ لاکھ 81؍ ہزار روپے میں ہوگیا ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ گورنمنٹ آف سندھ نے متعلقہ کمپنی کو ورک آرڈر جاری کردیا ہے۔

شاہراہ فیصل کے منصوبے میں بلوچ کالونی فلائی اوور کے دو ریمپ توڑنے کا کام جسے ری ماڈلنگ آف بلوچ کالونی فلائی اوور کا نام دیاگیا ہے اس کا ٹھیکہ 6؍ کروڑ 39؍ لاکھ روپے، ناتھا خان پل کے نیچے یو ٹرن ٹھیکہ 9؍ کروڑ 90؍ لاکھ اور جناح ٹرمینل سے چکورا نالے تک برساتی نالے کی تعمیر کا کام 14؍ کروڑ 99؍ لاکھ روپے کاہوگیا ہے اس شاہراہ پر ایک اور اہم کام ڈرگ روڈ اسٹیشن کے سامنے انڈرپاس اور راشد منہاس رائٹ ٹرن برج کی بحالی پر 57؍ کروڑ 65؍ لاکھ روپے خرچ ہونگے اس کا ٹھیکہ بھی ہوچکاہے جبکہ شاہراہ پر نئی لائٹوں کی تنصیب اور دیگر کام بھی انجام دیئے جائیں گے۔

شارع فیصل کے سروے کا کام جاری ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ سڑک کی جن مقامات پر تین لین ہوجاتی ہیں یہ حصہ زیادہ تر کراچی کنٹونمنٹ بورڈ اور فیصل کنٹونمنٹ کی حدود میں آتا ہے سندھ لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ نے ٹھکیوں کا عمل مکمل کرنے سے پہلے مذکورہ اداروں سے اس کی اجازت نہیں لی ہے جس کے باعث کام میں مزید تاخیر کاخدشہ ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ اور ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سے گرومندر نمائش تک گرین لائن بس منصوبے کی تعمیر کا کام جاری ہونے کے باعث زیادہ تر شہری ان دنوں اپنے گھروں کو جانے کیلئے شارع فیصل کو استعمال کرتے ہیں جس سے یہاں ٹریفک کا بہت زیادہ دبائو رہتاہے جس کی وجہ سے لوگوں کا کہنا ہےکہ دیگر سڑکیں مکمل ہونے تک شارع فیصل کے کام کو موخر کیا جائے۔

Share this article

Leave a comment