Friday, 29 November 2024


ڈیزل پروڈکٹ کی پہلی کنسائمنٹ امپورٹ کرلی گئی

ایمز ٹی وی (تجارت) پی ایس او کے مطابق سلفر کی کم مقدار کے حامل ڈیزل کی پہلی کھیپ لے کر بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے، اعلیٰ معیار کا یہ ڈیزل ماحول کی بہتری اور گاڑیوں کی کارکردگی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

پی ایس او نے حال ہی میں پاکستان میں پہلی مرتبہ اعلیٰ معیار کا رون پٹرول بھی متعارف کرایا ہے، پاکستان کے ایندھن کے شعبے میں انقلاب کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے پی ایس او نے سلفر کی کم مقدار کے حامل ڈیزل کی پہلی کھیپ کویت سے درآمد کرلی ہے، یہ اقدام پاکستان میں اعلیٰ معیار کے ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے نئی جہت کا آغاز ہے جس کا تسلسل آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں جاری رہے گا، پی ایس او کی نئی ڈیزل پروڈکٹ سلفر کی کم مقدار (500پی پی ایم) کی حامل ہے، اس کے برعکس کراچی میں قائم ریفائنریاں 10ہزار پی پی ایم کی ڈیزل پروڈکٹ فراہم کررہی ہیں، پی ایس او کا نیا ڈیزل پاکستان کا پہلا اور واحد یوروII معیار کا ڈیزل ہے جو جلد ہی پاکستان کی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے پی ایس او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ماحول دوست اور گاڑیوں کی کارکردگی کے لیے بہترین ڈیزل درآمد کرنے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی کا اعزاز حاصل کرنے پر پی ایس او کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک میں ایندھن کے معیار کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت اور وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ویژن پر عمل درآمد کے لیے پی ایس او کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

یہ بات بہت قابل اطمینان ہے کہ قومی آئل مارکیٹنگ کمپنی ملک میں ایندھن کے منظرنامے کو موثر طریقے سے تبدیل کرنے کے لیے قائدانہ، متحرک اور ذمے دارانہ کردار ادا کررہی ہے، نئی ڈیزل پروڈکٹ کی بدولت جہاں ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی وہاں حکومت کو موسمی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے عزم کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی، ڈیزل میں سلفر کی کم مقدار فضائی آلودگی کو کم کرکے صحت سے متعلق خدشات میں بھی کمی کا ذریعہ بنے گی، نئے ڈیزل کے استعمال سے فضا میں ہائیڈروکاربنز اور نائیٹروجن آکسائڈز کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے ماحول کو فائدہ پہنچے گا۔

پی ایس او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وایم ڈی شیخ عمران الحق نے کہاکہ کم سلفر والا ڈیزل درآمد کرکے پی ایس او نے پھر ثابت کردیاکہ وہ اعلیٰ معیار کے ایندھن کی فراہمی کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لیے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے شانہ بشانہ قائدانہ کردار ادا کررہی ہے، ملک میں ایندھن کے معیار کی بہتری اور توانائی کی طلب پوری کرنا پی ایس او کے مشن کے بنیادی مقاصد ہیں اور کمپنی وزیر پیرولیم کی قیادت میں یہ دونوں مقاصدبھرپور طریقے سے پورے کررہی ہے۔

Share this article

Leave a comment