Friday, 29 November 2024


جنگلات پر بااثر افراد قابض

 

ایمز ٹی وی(خیرپور) تحصیل نارا کے علاقے کی دیہہ پھارہیاڑومیں محکمہ جنگلات کی 7سو ایکڑ اراضی پر بااثر افراد کے قابض ہونے کا انکشاف ہوا ہے اس سلسلے میں محکمے کے ایک ملازم دوست محمد دستی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید غلام شاہ کی عدالت میں پٹیشن دائر کر کےعدالت کو سرکاری اراضی پر بااثر افراد کے قبضے کو خالی کرانے کی استدعا کی ہے۔

پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل محکمے کی شکایت پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے نارا پہنچ کر سرکاری اراضی پر بااثر افراد کے قابض ہونے کی انکوائری کر کے دیہہ پھارہیاڑو کی اراضی کو محکمے جنگلات کی اراضی قرار دیا تھا کمشنر نے اپنی انکوائری رپورٹ میں بااثر افراد کی جانب سے سرکاری اراضی کے کھاتے غیر قانونی تبدیل کرانے کا بھی تفصیل سے ذکر کیا تھا اور پولیس کو غیر قانونی قبضے خالی کرانے کی ہدایات دی تھیں۔

کمشنر کی انکوائری کے باوجود بااثر افراد سے سرکاری اراضی کے قبضے خالی نہیں کرائے جا سکے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں آئے ہیں کہ عدالت سرکاری اراضی پر بااثر افراد کے قبضے خالی کرائے عدالت نے پٹیشن پر ایس ایچ او اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر کے 14 جنوری کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment