Friday, 29 November 2024


دائیں ہاتھ کا پراٹھا بائیں ہاتھ کی بلےبازی،حنان (این سی اے) کیلئے منتخب

 


ایمز ٹی وی(اسپورٹس) نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) الیون نے ملائیشیا کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے کراچی کے مقامی ہوٹل میں کام کرنے والے حنان خان کو منتخب کرلیا ہے۔

این سی اے الیون اور ملائیشین کرکٹ ٹیم کے درمیان 14 جنوری اور 15 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے حنان خان نہ صرف کرکٹ میں سخت محنت کرتے ہیں بلکہ وہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں پراٹھے بنانے جیسا سخت کام بھی کرتے ہیں، بالآخر انہیں این سی اے الیون نے ملائیشین کرکٹ ٹیم کے خلاف میچوں کے لیے جگہ دی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میچوں میں منتخب ہونے والے حنان خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'جب لاہور سے انہیں پہلی بار فون آیا تو وہ ایک میچ کھیل رہے تھے، بعد ازاں جب انہوں نے لاہور فون کیا تو انھیں ملائشیا کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے متخب ہونے کی خوش خبری دی گئی'۔

حنان کا کہنا تھا کہ 'انھیں اس فون پر یقین نہیں آرہا تھا اسی لیے تصدیق کے لیے ایک بار پھر لاہور فون کیا'۔

19 سالہ کرکٹر حنان خان اس سے پہلے کوئٹہ میں گریڈ 2 کے دو میچ کھیل چکے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران انھیں منتخب کیا تھا۔

حنان خان نے تعاون کرنے والے تمام افراد اور خصوصا پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کا شکریہ ادا کیا جو بلوچستان سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

نوجوان کھلاڑی کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جہاں لوگ کرکٹ نہیں کھیلتے مگر پھر بھی سلیکٹر وہاں آتے ہیں اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں۔

حنان خان کے مطابق انہیں پہلی بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اب دوسری بار این سی اے نے شامل کیا ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بتدریج منتخب ہوتے ہوتے ایک دن قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوں گے۔

حنان خان نے کہا کہ ملائشیا کے خلاف 2 میچوں کے دوران ان کا مقصد اپنی بہتر کار کردگی کے ذریعے سلیکٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز نے کہا کہ وہ سلمان بٹ کے بہت بڑے مداح ہیں، وہ سلمان بٹ کے اس وقت سے مداح جب انہوں نے بھارت کے خلاف بہترین شاٹ کھیلے، اور ان کی خواہش ہے کہ وہ بھی ٹاپ کلاس بلے باز بنیں اور بھارت سمیت تمام بڑی ٹیموں کے خلاف بڑا اسکور کریں۔

 

Share this article

Leave a comment