ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سام سنگ اور ایل جی اس سال اپنے سب سے حیرت انگیز اسمارٹ فونز متعارف کرانے والے ہیں جن کا انتظار صارفین برسوں سے کررہے ہیں۔کورین ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ دونوں جنوبی کورین کمپنیاں اپنے فولڈ ہوجانے والے فونز کو 2017 میں فروخت کے لیے پیش کرنے والی ہیں جو کہ اس سال کی آخری ششماہی میں لوگوں کے ہاتھوں میں ہوں گے۔
سام سنگ کی جانب سے کاغذ کی طرح تہہ ہوجانے والے فون کی تیاری کی رپورٹس گزشتہ سال اگست میں سامنے آئی تھیں جو کہ کھل کر 7 انچ کے ٹیبلیٹ کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں سام سنگ کی جانب سے یہ فون پیش کیے جانے کی توقع ہے اور دنیا بھر میں اس کے ایک لاکھ ہینڈ سیٹس فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سام سنگ طویل عرصے سے فولڈ ایبل فون ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سام سنگ اس فون کو متعارف کرانے سے پہلے گلیکسی نوٹ 7 کے اثرات کو بھی مدنظر رکھے گی کیونکہ وہ اب مزید کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔
دوسری جانب ایل جی نے بھی رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں کاغذ کی طرح مڑ جانے والے اسمارٹ فون کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا یصلہ کیا ہے۔ایل جی کاغذ کی طرح تہہ ہوجانے والی ڈیوائسز کی ٹیکنالوجی پر دو سے تین سال سے کام کررہی ہے۔
ایل جی اس ٹیکنالوجی سے مختلف اشیاءبھی دیگر کمپنیوں جیسے ہیواوے اور ایپل وغیرہ کے لیے تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔تو اگر آپ بھی ایسے کاغذ کی طرح فولڈ ہوجانے والے اسمارٹ فون کو استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں تو یہ بات طے ہے کہ اس سال ایسی ڈیوائس آپ کے ہاتھوں میں ہوگا۔