ایمز ٹی وی(سپورٹس)پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس بیٹنگ جاری ہے۔ پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن (واکا) گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 36 رن بنا لئے ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور شرجیل خان نے کیا اور تیسرے اوور میں شرجیل خان نے اسٹین لیک کو ایک چھکا اور 3 لگا تار چوکے جڑ کر 20 رنز بٹورے۔ قبل ازیں آسٹریلین قائد اسٹیون اسمتھ نے مسلسل تیسری بار ٹاس جیتا لیکن پہلے دو میچز کے برخلاف تیسرے ون ڈے میں انہوں نے پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ میزبان ٹیم نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، ہینڈس کومب اپنا ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں، اس کے علاوہ دراز قد فاسٹ بولر اسٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ - واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو شکست کا مزہ چکھا کر حساب برابر کردیا تھا۔