Friday, 29 November 2024


سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کر لی گئی

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے جائیداد ضبط کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست پر دلائل آئندہ سماعت پر دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کی رپورٹ جمع کرائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو اشتہاری ملزم قرار دینے اور ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست بھی عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کواشتہاری ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے استفسار کیا کہ عدالت کی رہنمائی کریں کہ کس قانون کے تحت وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا جائے۔
انہوں نے ریڈوارنٹ کے اجراءدرخواست پر مدعی مقدمے کے وکیل کو دلائل آئندہ سماعت پر دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment