Thursday, 28 November 2024


پاکستان 92 ورلڈ کپ فتح کی تاریخ دہراسکتا ہے، وقار یونس

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر ورلڈ کپ 92 کی تاریخ دہرا سکتا ہے۔

پاکستان نے اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، جس میں مصباح الحق نے اہم کردارادا کیا، جس وقت وہ کریز پر آئے تب 78 پر4 وکٹیں گرچکی تھیں مگر انھوں نے ماسٹر کلاس 91 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس شاندار کارکردگی پر کوچ وقار یونس بھی پھرسے ان کے گن گانے لگے، انھوں نے کہا کہ مصباح نہ صرف صورتحال اور اسکور بورڈ کو اچھی طرح سمجھتے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلتے بلکہ بطور کپتان ذمہ داری نبھانا بھی جانتے ہیں، جب آغاز میں ہی وکٹیں گرجائیں تو پھر مصباح کے پاس کافی وقت ہوتا ہے، وہ بگ ہٹر بھی ہیں۔

عمر اکمل کے بارے میں وقار یونس نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کافی باصلاحیت اور ٹیم میں گذشتہ پانچ چھ برس سے موجود ہیں۔ کبھی ہم ان سے وکٹ کیپر کی بھی ذمہ داری لیتے اور کبھی صرف بیٹسمین کے طور پر کھلاتے ہیں، یہ ان کے لیے مشکل ضرور ہے لیکن وہ کافی اچھی فارم میں ہیں، ہمیں اس ٹورنامنٹ کیلیے ایسی ہی پارٹنرشپس کی ضرورت ہے۔ وقار یونس نے مزید کہا کہ جو کچھ 1992 میں ہوا وہ اب بھی ہوسکتا ہے، یہ اس کھیل کی خوبصورتی ہے، اس میں کئی اتار چڑھاؤ آتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی یہ ایونٹ جیت سکتا ہے۔

Share this article

Leave a comment