Friday, 29 November 2024


پی سی بی کاآف سیزن میں غیرملکیوں کیلئے اہم فیصلہ

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پی سی بی آف سیزن میں بھی غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو مصروف رکھے گا، چیئرمین شہریارخان کے مطابق انھیں ڈومیسٹک میچز دیکھ کر نئے ٹیلنٹ پر نظر رکھنے کی تاکید کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیرملکیوں کی بھرمار ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، فٹنس کوچ گرانٹ لیوڈن اور فزیوتھراپسٹ شین ہیز سب ہی فارنرز ہیں، بالنگ کوچ سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود بھی اب برطانوی شہریت کے حامل اور وہیں رہتے ہیں، بورڈ چاہتا ہے کہ یہ سب آف سیزن کے دوران بھی پاکستان میں زیادہ وقت گزاریں، اس حوالے سے چیئرمین شہریارخان نے بتایا کہ ہم کوچنگ اسٹاف سے کہیں گے کہ جب قومی ٹیم مصروف نہ ہو تب وہ ملک میں ڈومیسٹک میچز دیکھ کر نئے ٹیلنٹ پر نظر رکھیں۔
غیرملکی کوچز کے ناکام ثابت ہونے کے سوال پر شہریارخان نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ٹیم چند ماہ قبل ہی ٹیسٹ نمبر ون بھی بنی تھی۔ یہ درست ہے کہ ون ڈے میں رینکنگ آٹھویں ہے مگر بہتری کیلئے یقینا کوششیں ہوں گی، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی میں بھی کارکردگی بہتر بنانا لازمی ہے، اس کیلئے سب سے اہم شعبہ فیلڈنگ ہے، جب تک اس میں بہتری نہ آئے آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔
انھوں نے کہا کہ آپ چاہے کھلاڑیوں کو 6،6 گھنٹے ٹریننگ کرائیں مسائل راتوں رات حل نہیں ہو سکتے، ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ میں فیلڈنگ اور فٹنس کا کلچر نہیں ہے، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ وغیرہ ہم سے آگے ہیں، ہمیں فرسٹ کلاس میچز میں بھی فیلڈنگ کا معیار بہتر بنانا ہوگا تاکہ کھلاڑی جب قومی ٹیم میں آئیں تو بالکل تیار ہوں، اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آئندہ ماہ پی ایس ایل کے بعد مارچ میں پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز جانا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment