Friday, 29 November 2024


فیس بک پیج بند ہونے پرجمیلہ بائیڈو امریکہ جاپہنچیں

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بیلجیئم کی ابھرتی ہوئی 23 سالہ گلوکارہ جمیلہ بائیڈو فیس بک کے ذریعے ایک مشہور شخصیت بن چکی ہیں لیکن ایک صبح انہیں معلوم ہوا کہ فیس بک انتظامیہ نے ان کا پیج بند کردیا ہے۔ پہلے انہوں نے فیس بک بیلجیئم کو ای میل کی لیکن وہاں سے کوئی جواب نہ ملا اور نہ ہی ان کا پیج بحال کیا گیا۔ بیلجیئم میں ان کی کوئی سنوائی نہ ہوئی تو وہ اپنی شکایت لے کر خود ہی سان فرانسسکو، امریکہ جاپہنچیں اور اب وہ فیس بک کے صدردفتر(مینلو پارک، کیلیفورنیا) جارہی ہیں تاکہ اپنی فریاد براہِ راست فیس بُک مالکان کے سامنے پیش کرسکیں۔ جمیلہ 2014 میں بیلجیئم میں موسیقی کے ایک مقابلے میں بھی شریک ہوچکی ہیں جہاں انہوں نے جیوری اور دیگر افراد سے تعریف سمیٹی تھی۔

لیکن فائنل میں ناکامی کے بعد انہوں نے فیس بک پر اپنا پیج بنایا اور اپنے ملک سمیت پورے یورپ میں مقبول ہوگئیں۔ یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر ان کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مداح ہیں اور ان کی ویڈیوز دسیوں لاکھوں مرتبہ دیکھی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے ویڈیو بلاگز بھی بہت مقبول ہیں۔ لیکن اچانک ان کا فیس بک پیج بند کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ بہت پریشان ہیں۔ جمیلہ کے مطابق کسی نے ان کے نام اور تصاویر سے ایک فیس بک پیج بنایا اور اس پر نازیبا اور فیس بک پالیسی کے خلاف پوسٹ کرنا شروع کردیں ۔ جمیلہ نے اس کی شکایت فیس بک پر کی تو چند روز بعد دونوں کے فیس بک پیج بند کردیئے گئے۔ اس کے بعد جمیلہ کی تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹس سب غائب ہوگئیں۔

 

Share this article

Leave a comment