Friday, 29 November 2024


واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سندھ پولیس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند

ایمز ٹی وی (کراچی) ایک ایسے نازک وقت میں جب ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے تو وہیں صوبہ سندھ میں یہ حال ہے کہ سندھ پولیس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند ہوگیاجس سے شہر میں لگے کیمرے غیر فعال ہوگئے۔

16 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعلقہ آئی ٹی کمپنی نے سروسز معطل کردیں، اے آئی جی فنانس فدا حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کمپنی حکام سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی کمپنی کے واجبات ادا کردیے جائیں گے ، تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے اور محکمہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے سینٹرل پولیس آفس میں چند برس قبل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا تھا۔

اس سسٹم کے تحت شہر کے منتخب کردہ 174 مقامات پر تقریباً 900 کیمرے لگائے گئے تھے، اس ضمن میں نجی آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کمپنی تکنیکی سہولتیں فراہم کرتی تھی لیکن جمعہ کو عدم ادائیگی کے باعث نجی کمپنی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند کردیا جس کے بعد اس سسٹم سے منسلک 900 کیمرے غیر فعال ہوگئے۔ 

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ بھی تحریری طور پر سندھ پولیس کو واجبات کی ادائیگی کا کہہ چکا ہے لیکن سندھ پولیس کے حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ، اس وقت جو سنگین صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ ضلع سائوتھ شہر کا حساس ترین زون ہے جو کہ کیمروں سے 100 فیصد علاقہ مانیٹر کیا جاتا ہے لیکن اس وقت وہاں کوئی مانیٹرنگ نہیں ہورہی ، اس زون میں وزیراعلیٰ ہائوس ، گورنر ہائوس ، سندھ اسمبلی ، غیر ملکی قونصلیٹ اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر کے علاوہ کئی حساس تنصیبات بھی ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک واجبات ادا نہیں کیے جاتے اس وقت تک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند رہے گا۔

Share this article

Leave a comment