Thursday, 28 November 2024


ڈاکٹرز سے چھپائی جانے والی معلومات بڑی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے، تحقیق

ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) اکثر و بیشتر لوگ جب ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو اپنی بیماری سے متعلق مکمل معلومات دینے سے گھبراتے ہیں اور ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں لیکن ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نامکمل معلومات دینے سے مریض کسی خطرناک بیماری کا شکار ہوسکتا ہے اور اسی سے متعلق ایک مطالعے کے بعد کچھ ایسی معلومات سامنے آئی ہیں جنہیں مریض کو اپنے ڈاکٹرز سے شیئر کرنا ضروری ہے۔

1.روزانہ وٹامن اور یونانی ادویات کا نیند کے لیے استعمال: بہت سے لوگ رات کی پرسکون نیند اور یادداشت کو بڑھانے کے لیے ملٹی وٹامنز اور جڑی بوٹیوں سے بنی ہوئی ادویات کا استعمال کرتے ہیں ویسے تو اس کے بہت زیادہ سائیڈ ایفکٹس نہیں ہوتے لیکن بعض اوقات یہ ڈاکٹرزسے لی گئی بلڈ پریشر کی ادویات سے مل کر خطرناک ہوجاتی ہیں اور بلڈ پریشر کے لیول کو خطرناک حد تک کم کردیتی ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے کیلشیم لیتی ہیں جو جسم میں اینٹی بائیوایٹک کو جذب کرنے کی صلاحیت کم کردیتی ہیں لہٰذا ان ادویات کا تذکرہ ڈاکٹر سے کرنا ضروری ہے۔

2.فضلے میں خون کا آنا: اکثر لوگ یہ معلومات ڈاکٹرزکو بتاتے ہوئے شرماتے ہیں لیکن یاد رہے کہ فضلے میں خون کا آنا ’کلوریکٹل کینسر‘ کی علامات میں سے ایک ہے اور اس کی فوری تشخیص سے اس بیماری کا علاج ممکن ہے اسی لیے  اس کا تذکرہ ضرور اپنے ڈاکٹر سے کریں بصورت دیگر ذرا سے لاپرواہی جان لیوا ہوسکتی ہے جب کہ اگر آپ مسلسل قبض کا شکار ہیں تو اس سے فوری ڈاکٹر کو آگاہ کریں۔

3.ذہنی تناؤ سے آگاہی دیں: اکثر لوگ گھریلو مسائل کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں لیکن شرمندگی کے وجہ سے اس کا تذکرہ اپنے ڈاکٹرز سے نہیں کرتے حالانکہ ڈپریشن کا شکار لوگ پیٹ کے درد، بھوک کی کمی اورسر درد جیسی بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں اور اگر اس کا تذکرہ آپ ڈاکٹرز سے نہیں کریں گے تو آپ کو مختلف قسم کے ٹیسٹ اور ادویات کے استعمال کا سامنا کرنا پڑے گا جو ایک طرف رقم کے ضائع ہونے اور دوسری جانب اصل بیماری کی تشخیص کرنے میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔

4.کھانے پینے کی عادات سے آگاہ کریں: کئی موٹاپے کا شکار لوگ اپنی عادت کے ہاتھوں مجبور ہوکر چٹ پٹی اور موٹاپا پیدا کرنے والی غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس کا تذکرہ ڈاکٹر سے نہیں کرتے یا پھر جھوٹ بولتے ہیں لیکن وہ بھول جاتے ہیں کہ یہ ان کے لیے انتہائی خطرناک اور نقصان دہ ہے۔ ایسے لوگ فوری طور پر اپنی فوڈ ڈائری بنائیں تاکہ اپنی غذا سے متعلق اصل صورت حال ان کے سامنے آسکے اور ایسے لوگ یاد رکھیں کہ غیر صحت مندانہ غذائیں دل ، شوگر اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

5.ڈاکٹر سے مشورہ کے بغیر ادویات کا استعمال: بہت سے لوگ خود ہی ڈاکٹر بن کر اپنی بیماری کی دوا لینا شروع کردیتے ہیں جو انتہائی خطرناک اقدام ہے اور اس سے سائیڈ ایفکٹس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا اس طرح کی عادات سے گریز کرتے ہوئے معمولی بیماری کے لیے بھی اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں کیونکہ ڈاکٹر جو ادویات تجویز کرتا ہے وہ اس کے سائیڈ ایفکٹس سے بھی بخوبی آگاہ ہوتا ہے۔

6.جنسی تعلقات میں کمی آنا: بہت سے لوگ جنسی تعلقات میں کمی آنے یا اس کے مسائل کا تذکرہ شرمندگی کے باعث اپنے ڈاکٹرز سے نہیں کرتے جو ازدواجی زندگی کو اذیت ناک بنا دیتا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاص طور پر خواتین کا جنسی تعلقات سے دور ہونا واضح طور پر جسمانی بیماری کی علامت ہے جو عام طور پر ڈپریشن، اسٹریس اور انیوریکزیا جیسی بیماریوں کی وجہ سے ہوتا ہے اس لیے اپنے ڈاکٹر سے اس کا تذکرہ کرنے میں شرمندگی نہ دکھائیں۔

بیماریوں کے حوالے سے ڈاکٹرز کو مکمل آگاہی فراہم کریں تاکہ آپ کئی بڑی بیماریوں سے بچ سکیں۔

Share this article

Leave a comment