Friday, 29 November 2024


ایوان کا ماحول سازگار رکھنے پر اتفاق

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں متحدہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، رانا تنویرحسین، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر ، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ،شیریں مزاری ،قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ ، جماعت اسلامی کے پارلیمانی صاحبزادہ طارق اللہ ، مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ ، ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے شرکت کی ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 26جنوری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اور تحریک انصاف کے ارکان کے درمیا ن ہونے والی لڑائی کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اوردونوں فریقین کے مابین ایسے واقعہ کو ایوان میں دوبارہ نہ دوہرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف جمع کرائی گئی مشترکہ تحریک استحقاق پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد ،وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی سے بھی الگ ملاقات کی اور اپوزیشن کے موقف پر مشاورت کی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ 26جنوری کو ایوان میں ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔اسپیکر چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں ایوان کا ماحول سازگار رکھنے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تحریک استحقاق کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پر چھوڑدیا ہے ۔اپوزیشن سے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تحریک استحقاق پر قانون کے مطابق فیصلہ کروں گا ، جمہوری اداروں میں مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکلتا ہے ۔
قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے چیمبر میں ہوا ۔
 

 

Share this article

Leave a comment