Friday, 29 November 2024


الاتحاد کرکٹ کی پانچویں افتتاحی تقریب

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پوری دنیا میں پاکستانی جہاں جہاں بھی گئے انہوں نے وہاں جاکر اپنے قومی کھیلوں کے ساتھ کرکٹ کو بھی متعارف کرایا۔ متحدہ عرب امارات میں بھی پاکستانی گزشتہ چار دہائیوں سے موجود ہیں اور اپنے اپنے انداز سے پاکستانی کلچر اورکھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ کرکٹ نہ صرف پاکستانیوں بلکہ دیگر ممالک کے لوگوں کا بھی پسندیدہ کھیل ہے۔
یہاں امارات میں بھی بالکل پاکستان کی طرح ٹولیوں کی صوت میں کرکٹ کھیلی جاتی ہے خاص طور پر چھٹی کے دن محض تفریح طبع کی خاطر کرکٹ کھیلتے ہیں۔ کرکٹ کو باقاعدہ کھیلنے کے لئے یہاں کلب بھی موجود ہیں اور کرکٹ کھیلنے کی تربیت کے لئے کرکٹ اکیڈمیاں بھی موجود ہیں۔
پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر عرفان انصاری آج سے40 سال قبل امارات آئے اور شارجہ کرکٹ اکیڈمی کی بنیاد رکھی۔ عرفان انصاری گزشتہ 40 سال سے کرکٹ کے کھیل کو پروان چڑھارہے ہیں۔ وہ یہاں پاکستان کی قومی ٹیم کے انٹرنیشنل پریکٹس انچارج بھی رہے۔
ان کی انہی خدمات کے پیش نظر الاتحاد کرکٹ کلب کی پانچویں افتتاحی تقریب کے موقع انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ امارات میں کرکٹ کو فروغ کے لئے الاتحاد کرکٹ کی خدمات ڈھکی چھپی ہوئی نہیں ہیں جس کے روح رواں امجد اقبال امجد ہیں۔ الاتحاد کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امجد اقبال امجد نے دوران تقریب کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی اچھی تربیت کے لئے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ کئے جائیں تاکہ کھلاڑی اس سے سیکھیں۔ امجد اقبال امجد نے کہا کہ الاتحاد ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
الاتحاد کرکٹ پانچویں افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی دبئی کے میاں منیر ہانس، مخدوم رئیس قریشی، چودھری خالد حسین، الاتحاد کرکٹ بورڈ کے ممبر نعیم طاہر، بزنس مین اشتیاق حسین اور دیگر لوگ موجود تھے۔ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض شرافت علی شاہ نے بطریق احسن انجام دئیے جبکہ تقریب میں محفل موسیقی بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سنگرز وقار حسن، سنیل جاوید، جہانزیب مغل اور بنگلہ دیشی گلوکارہ ریحانہ رحمن نے پرفارم کیا۔

 

Share this article

Leave a comment