Saturday, 30 November 2024


راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی منظوری

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے۔اور چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔ جس میں چیئر مین پی این ڈی،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور کمشنر راولپنڈی بھی شامل ہیں۔جبکہ صدر راولپنڈی تا موٹروے گرین لائن بس سروس شروع کرنے کیلئے فز بیلٹی رپورٹ کی تیاری کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ رنگ روڈ منصوبہ کے کوآرڈنیٹرسپیشل سیکرٹری ٹو سی ایم پنجاب ساجد ظفر ڈال نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ رنگ روڈ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ہو گا ۔جس پر کام کاآغاز جون جولائی میں متوقع ہے۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بھی صدر سے موٹر وے چوک کے درمیان بس سروس شروع کر نے کےمنصوبہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا اعلان وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات میں کیا گیا ۔ملک ابرار احمد نے وزیراعلی پنجاب سے درخواست کی کہ صدر سے موٹر وے چوک تک میٹرو بس سروس شروع کی جائے اس سے صدر اور بیرون اضلاع سے آنے والے مسافر باآسانی موٹروے چوک ‘نئے انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بغیر کسی روکاٹ کے پہنچ سکیں گے ۔ملک ابرار نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے حلقہ این اے 54کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے لئے 30کروڑ روپے ‘ ڈھوک سیداں گرلز کالج کی تکمیل کے لئے باقی فنڈز ‘خدیجہ ڈگری کالج سے ملحقہ پلاٹ کی خریداری کے لئے ایک کروڑ روپے کے فوری اجراء اور راولپنڈی کینٹ کی 9ڈسپنسریوں میں ڈاکٹر اور معاون عملے کی تعیناتی کے لئے سیکرٹری ہیلتھ کو سروے کر کے فوری عملہ تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بتایا کہ وزیراعلٰی پنجاب نے این اے 54کے ترقیاتی کاموں کیلئے 20کروڑ روپے جبکہ پی ایچ اے کیلئے 24ملین روپے کی گرانٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ -انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب نے راولپنڈی کے شہریوں کو صدر سے موٹروے چوک تک میٹرو بس سروس کا تحفہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعلٰی پنجاب کو حلقہ این اے 54کے مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعلٰی پنجاب انہیں مزید گرانٹ کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی۔

 

 

Share this article

Leave a comment