Saturday, 30 November 2024


جیل میں قیدیوں کے لئے علم کا تحفہ

 

ایمزٹی وی(تعلیم/پنجا ب)پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں ان پڑھ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کیلئے منصوبہ تیار کر لیا گیاہے۔ جیلوں کو جرائم کی نرسریاں بننے کی بجائے درس گاہوں میں تبدیل کریں گے، قیدی خواتین و حضرات کو جیل کے اندر تعلیم یافتہ قیدی بنیادی تعلیم دیں گے، علم کی روشنی سے قیدیوں کو معاشرے کا تعمیری اور کارآمد رکن بنایا جائے گا ، 4 ماہ کے تعلیم بالغاں کورس سے قیدیوں کو لکھنے پڑھنے کے قابل بنایا جائے گا، قیدیوں کو کتابیں،اسٹیشنری اور تمام ضروری سامان محکمہ لٹریسی فراہم کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے پنجاب بھر کی جیلوں میں ان پڑھ قیدیوں کیلئے تعلیم کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید احمدچوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری اکرم جان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر شکیل احمد سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لٹریسی ماضی میں جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے پائلٹ منصوبے پر خوش اصلوبی سے کام مکمل کر چکا ہے۔پنجاب میں لاہور، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی،بہاولپور، میانوالی اور ڈی جی خان سمیت بڑی جیلوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا چکا ہے اور باقی پر کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر لٹریسی ڈاکٹر فرخ جاویدنے اس موقع پرسیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید چوہدری اور آئی جی جیل خان جات میاں فاروق نذیر کو ہدایت کی کہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جلد لائحہ عمل تشکیل دیں ۔یاد رہے کہ اس وقت پاکستان میں شرح خواندگی 60جبکہ پنجاب میں 63فیصد ہے جس میں بہتری کیلئے محکمہ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔ اب تک صوبہ بھر میںNFBES اور NFEFS کے13,274 سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں 4,35,804 اسکول سے باہر بچوں کو پرائمری تعلیم مہیا کی جا رہی ہے۔
پنجاب بھر میں6,860 ALC اورNFEAC سینٹرز بنائے گئے ہیں جن میں 1,33,844 نوجوان اور بزرگ تعلیم و فنی تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ ایک لاکھ سے زائد ان پڑھ افراد کو بنیادی تعلیم دی گئی اور مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں، جدیدانفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس مانیٹرنک اسیسمنٹ سسٹم رائج کیا گیاہے اور تمام سکولوں کی مستقل اسیسمنٹ کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر لٹریسی ڈاکٹر فرخ جاوید کی ہدایت پرپنجاب بھر کی جیلوں قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کیلئے پروگرام مرتب کر لیا گیا ہے جس کے تحت لاکھوں قیدیوں کو تعلیم کے زیور سے آرستہ کیا جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment