Friday, 29 November 2024


شاہد آفریدی کا پی سی بی سے شکوہ

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا تاہم کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے اور اگر شرکت کی دعوت ملی تو ضرور جاﺅں گا۔
چاندی کا تمغہ جیتنے والی تھروبال ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں قومی ٹیموں کی بہتری کیلئے لاہور میں بلائی جانے والی گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا گیا ہے اور شرکت کی دعوت بھی نہیں دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس سے متعلق میڈیا کے ذریعے پتہ چلا اور اگر واقعی ایسا ہورہا ہے تو پی سی بی کا یہ اقدام خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ اور ملک کی خدمت کیلئے ہمیشہ حاضر ہوں، پی سی بی جب بھی کرکٹ کیلئے بلائے گی، اپنی زیادہ سے زیادہ خدمات پیش کروں گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ لیگ کے اس سیزن میں کم از کم ایک اچھا فاسٹ باﺅلر اور مڈل آرڈر بلے باز دیکھنے کو ملے گا جو قومی ٹیم کیلئے رنز کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع مل رہا ہے اور امید ہے کہ اس کے ذریعے قومی ٹیم کیلئے ابھرتے ہوئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو ملک کا نام روشن کریں گے۔

 

Share this article

Leave a comment