Thursday, 28 November 2024


نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 3 وکٹ سے شکست دیدی

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی سی سی ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف 25ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اسکاٹ لینڈ کی طرح نیوزی لینڈ کے اوپنر بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن آسان ہدف ہونے کی وجہ سے کیوی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ جاری رکھی اور مقررہ ہدف 25 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے 38 جب کہ گرانٹ ایلیٹ نے 29 رنز کی اننگ کھیلی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سےاین وارڈ لاء اور جوش ڈیوے نے 3، 3 جب کہ ماجد حق نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں اسکاٹ لینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹرینٹ بولٹ نے دوسرے ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں کو لگاتار 2 گیندوں پر پویلین بھیج دیا جب کہ پانچویں اوور میں ٹم ساؤتھی نے بھی لگاتار 2 گیندوں پر 2 وکٹیں حاصل کر کے اسکاٹش ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ ایک موقع پر اسکاٹ لینڈ کے 4 کھلاڑی 12 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن میٹ میچن اور رچی بیرنگٹن نے کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کا اسکور 109 رنز تک پہنچا دیا، میٹ میچن 56 رنر بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رچی بیرنگٹن کو بھی کورے اینڈرسن نے 50 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔

میٹ میچن اور رچی بیرنگٹن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی بولز کے سامنے مزاحمت نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن اور ڈینئیل ویٹوری نے 3،3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو بھی 98 رنز سے شکست دی تھی۔

Share this article

Leave a comment