Friday, 29 November 2024


اشیاءخوردونوش کے معیار کو یقینی بنانےکیلئےنئے قوانین کی منظوری

 

ایمز ٹی وی(صحت)  وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محفوظ خوراک صحت مند پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں اشیاءخوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے اور تمام قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ نے مختلف قوانین میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔ 

پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ کا 20 واں اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) عامر رضا کی صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل، ایڈیشنل سیکرٹری خوراک سیدہ ملکہ، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرﺅف مغل، محمد وحید گل اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پراڈکٹ رجسٹریشن کے نئے معیار مقرر کرنے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو تفویض کردیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ نے کھانے پینے کی متعدد اشیاءجو پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دائرہ کار میں نہیں آتی تھی کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دائرہ کار میں لانے کی منظوری بھی دے دی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ نے فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے بڑھانے کی منظوری بھی دے دی جس کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی ا ٓفیسر 25ہزار، فوڈ سیفٹی آفیسر ایک لاکھ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹر 2 لاکھ جبکہ ڈائریکٹر آپریشنز 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کرسکے گا۔ فوڈ آپریٹرز کو فوڈ لائسنس کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ای لائسنسنگ کے اجراءکا پراجیکٹ بھی منظور کرلیا گیا۔ پی ایف کمپلیکس اور ویجیلنس سیل کے لئے سیف ہاﺅس بنانے اور محفوظ خوراک کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلانے پر بھی اتفاق ہوا۔

بورڈ اجلاس میں خوراک کی صنعت سے منسلک افرادکی تربیت کے لئے ٹریننگ اسکول قائم کرنے، سائنٹیفک پینل میں 9 نئے ممبران شامل کرنے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ کی منظوری بھی دی۔ فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے کی حد 10 لاکھ سے ایک کروڑ اور ملاوٹ ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کے لئے حکومت پنجاب سے منظوری حاصل کرنے کی درخواست پر اتفاق کیا گیا۔

 

Share this article

Leave a comment