Friday, 29 November 2024


ہونہار طلبا ء و طالبات کو میرٹ پر مزید لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے امور کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام نوجوانوں کی تعلیم اورانہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے اتنہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
پنجاب حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم سے لاکھوں طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں اور حکومت نے لیپ ٹاپ دے کرہونہار طلباء و طالبات کو ان کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے ۔رواں مالی سال ہونہار طلبا ء و طالبات کو میرٹ پر مزید لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
پنجاب حکومت کے اس اقدام سے طلبا ء و طالبات کو بااختیار بنانے میں مدد مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بناناپنجاب حکومت کا مشن ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے میرٹ کی بنیاد پر ہونہار طلبا و طالبات میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ قوم کے بچے اوربچیوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے ۔
ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم جدید علوم کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے موثر اقدامات کیے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کا دوران اجلاس بریفنگ میں بتایاگیا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک لاہور پہنچ جائے گی۔صوبائی وزیرسید رضا علی گیلانی،مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اورمتعلقہ حکا م نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

Share this article

Leave a comment