Thursday, 28 November 2024


آئی ایف سی سندھ کے بجلی منصوبوں میں 1.5 کروڑ ڈالر لگائے گی

ایمز ٹی وی (بزنس)  ورلڈ بینک کی رکن کمپنی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

آئی ایف سی کا یہ قدم پاکستان میں توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ سے معاشی بہتری کی کوششوں کا حصہ ہے۔ آئی ایف سی سندھ میں گل احمد پاور ونڈ فارم میں سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ فارم کراچی کے شمال میں لگایا جائے گا جس سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ گل احمد انرجی کے چیئرمین اقبال علی محمد کے مطابق ونڈ انرجی پلانٹ سے نہ صرف بجلی کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ روزگار کے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہوا سے بجلی کا منصوبہ ماحول دوست منصوبہ ہے۔ منصوبہ انفراکو ایشیا اور آئی ایف سی کی شراکت سے پورا کیا جائے گا جو پاکستان کے انرجی سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دے گا۔

آئی ایف سی کے کنٹری منیجر ندیم صدیقی کے مطابق اپنے تجربے اور سرمایہ کے حصول کی صلاحیت کے بل پر نجی شعبہ پاکستان میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ نجی شعبے کی انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کرتے ہوئے معاشی ترقی کی رفتار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ آنے والے سالوں میں آئی ایف سی پاکستان میں سالانہ 50 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری سرحد پار تجارت بڑھانے، ریگولیشنز کی بہتری، عدالت کے باہر مصالحت کی سپورٹ، متبادل توانائی، چھوٹے کاروبار کی مالی خدمات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے کی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment