Saturday, 30 November 2024


پیپر کا پیٹرن تبدیل کرنے کی تیاریاں، تعلیمی بورڈ

 

ایمز ٹی وی( تعلیم /کراچی )اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد اور ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے کہا ہے کہ کراچی کے طلباء کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے اعلیٰ معیار کا امتحانی نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں ۔
امتحانی پرچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں، 2018ء میں پیپر کا پیٹرن بھی تبدیل کرنا چاہتے ہیں، اس سال سے کاپیاں جانچنے کے خواہشمند اساتذہ کو رجسٹر کر رہے ہیں،انٹربورڈ نے ماڈل پیپرز میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں کی جس کیلئے قانونی اجازت کی ضرورت ہو۔
امتحانی پرچوں کو متوازن بنانے کیلئے ماڈریشن کا عمل بہتر کیا جائے گا،انٹربورڈ کراچی نے 2017ء کے سالانہ امتحانات کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اساتذہ کے ساتھ ملکر امتحانی پرچوں کا معیار بہتر بنانا چاہتے ہیں، سوسائٹی میں بورڈ کا اعتماد بحال کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام سائنس اور لازمی مضامین کے پیپر سیٹرز اور ماڈریٹرز کیلئے سرسید گورنمنٹ گرلز کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈسعید الدین صدیقی ،ڈائریکٹر جنرل کالجز ناصر انصار،ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز ڈاکٹر منسوب صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز ناصر انصار نے کہا کہ امتحانی نظام کو بہتر اور معیاری بنانا بورڈ کیساتھ اساتذہ کی بھی ذمہ داری ہے، کاپیاں جانچنے کے عمل کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے۔

 

Share this article

Leave a comment