Saturday, 30 November 2024


چھ ری ایکشن بٹنز میں کس ایموجی نے زیادہ مقبولیت پائی؟؟

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا ری ایکشن ایموجی بٹنز درحقیقت نیوزفیڈ پر نظر آنے والے مواد کے معاملے میں لائیک کے مقابلے میں زیادہ اثرانداز ہوتے ہیں۔
ری ایکشن بٹنز نے اس معاملے میں لائیک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے کہ ان کی نیوزفیڈ پر کیا اسٹوریز، تصاویر، ویڈیوز یا دیگر مواد نظر آتا ہے۔
یہ بات فیس بک نے فیس بک ری ایکشنز بٹن کے ایک سال مکمل ہونے پر بتائی۔
فیس بک کے مطابق جب کوئی صارف دل، اداسی یا غصے کے ایموجی کو استعمال کرتا ہے تو اس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ شخص اس چیز کے بارے میں زیادہ جذباتی ہوکر سوچ رہا ہے جو کہ عام لائیک کے مقابلے میں مختلف سوچ کا اظہار ہے۔
فیس بک نے اپنے بیان میں بتایا ' گزشتہ ایک برس کے دوران ہم نے دریافت کیا کہ اگر لوگ کسی پوسٹ پر کسی ری ایکشن کا اظہار کرتے ہیں تو یہ ایک مضبوط اشارہ ہوتا ہے کہ آپ اس طرح کی پوسٹس چاہتے ہیں'۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہم نے نیوزفیڈ کو لائیکس کے مقابلے میں ری ایکشنز کے مطابق اپ ڈیٹ کیا ہے تاکہ ہر شخص کے لیے ان کی پسند کی اسٹوریز کو نیوزفیڈ پر دکھایا جاسکے۔
آسان الفاظ میں فیس بک کے نیوز فیڈ کے الگورتھم میں اب یہ تبدیلی ہوچکی ہے کہ سادہ لائیک کی بجائے کسی ری ایکشن بٹن کو استعمال کرنا اسٹوریز کے سامنے آنے کے حوالے سے کردار ادا کرتا ہے۔
فیس بک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران دل کی شکل کا ری ایکشن ایموجی سب سے زیادہ مقبول رہا۔
ایک سال کے دوران صارفین نے 300 ارب سے زائد ری ایکشنز کو استعمال کیا گیا جن میں 50 فیصد سے زیادہ دل کا ری ایکشن استعمال ہوا۔
میکسیکو اور چلی سب سے زیادہ فیس بک کے ری ایکشن بٹن استعمال کرنے والے ممالک رہے۔
بیلجیئم کی پولیس نے گزشتہ سال ایک بیان میں لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ فیس بک کے ری ایکشنز فیچر کو استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے سوشل نیٹ ورک کو زیادہ پرسنل معلومات حاصل ہوجاتی ہے جسے وہ اشتہارات کے لیے استعمال کرتا ہے۔
بیلجیئن پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق " یہ آئیکون نہ صرف آپ کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں بلکہ فیس بک کو آپ کی پروفائل پر اشتہارات کو موثر انداز سے پیش کرنے کا موقع بھی دیتے ہیں"۔
پولیس کا دعویٰ تھا کہ فیس بک اس ٹول کے ذریعے یہ جاننے کے قابل ہے کہ لوگوں کا مزاج کس وقت خوشگوار ہے اور پھر وہ اس معلومات کو اشتہارات کو دکھانے کے وقت کے تعین کے لیے استعمال کرتی ہے۔
بیان کے مطابق " چھ آئیکون کے ذریعے فیس بک آپ کے خیالات کے بارے میں زیادہ آسانی سے جان لیتی ہے کیونکہ اس کا پس منظر میں چلنے والا الگورتھم کافی موثر کام کرتا ہے اور ماﺅس کی کلکس سے وہ جان لیتی ہے کہ آپ کتنے خوش ہیں"۔
 

 

Share this article

Leave a comment