Friday, 29 November 2024


سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کی شکایات میں اضافہ

 

ایمز ٹی وی(مانٹرینگ ڈیسک) پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا پر ہراساں کیے جانے کے حوالے سے شکایات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ان میں سے بیشتر شکایات کنندگان خواتین ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ برس سائبر کرائم ایکٹ کے تحت 700 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور ان میں بیشتر سوشل میڈیا کے حوالے سے ہی تھیں اور اس سال ابتدائی دو ماہ میں ہی یہ تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں درج کروائی جانے والی ایسی درخواستوں کی تعداد 120 ہے۔ 
حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے موصول ہونے والی بیشتر شکایات خواتین کی جانب سے ہی سامنے آ رہی ہیں کیونکہ ایسے واقعات میں زیادہ تر خواتین ہی نشانہ بن رہی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پاس سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 95 فیصد سے بھی زیادہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ہیں اور ان میں سے بیشتر شکایات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو تصویروں یا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائیاں کی گئی ہیں اور ان میں ملزمان گرفتار بھی ہوئے ہیں لیکن اس طرح کے بیشتر واقعات میں فریقین کے درمیان صلح ہو جاتی ہے اور کچھ لوگ عدالت میں جانے سے پہلے ہی صلح کر لیتے ہیں اور بعض عدالت میں ہی صلح کا فیصلہ کرتے ہیں.

 

Share this article

Leave a comment