ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے لیے 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پرویز خٹک نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی۔
پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور زلمی کی ٹیم اور منیجمنٹ کو پشاور آنے کی دعوت بھی دی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی تو پوری ٹیم پشاور جاکر آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے ساتھ فتح کا جشن منائے گی۔
گذشتہ روز (5 مارچ کو) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر پشاور زلمی نے دوسری چمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پشاورزلمی کے کامران اکمل کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے پر میچ کا بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو 'مین آف دی فائنل' کی ٹرافی اور 40 ہزار ڈالر انعام بھی دیا گیا۔