Friday, 29 November 2024


پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز۔۔ قومی ٹیم کا اعلان

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ٹی 20 میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ احمد شہزاد، محمد حفیظ، کامران اکمل اور شاداب خان کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بلے باز عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
انضمام الحق کی جانب سے ٹی 20 کیلئے اعلان کردہ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ٹی 20 سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی قیادت بھی سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد،کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے فٹنس کا معیار مختص کیا گیا تھا اور بتایا گیا کہ جو کھلاڑی اس پر پورا نہیں اترے گا اسے سلیکٹ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹنس کا معیار بھی کچھ زیادہ بلند نہیں بلکہ صرف پانچ درجے یعنی، بہترین، اچھا، اوسط، اوسط سے کچھ کم اور خراب، رکھے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو منتخب ہونے کیلئے کم از کم اوسط درجے کی فٹنس ثابت کرنا تھی۔ فٹنس ٹیسٹ کیلئے لگائے گئے کیمپ میں میں 32 کھلاڑی بلائے گئے تھے جن میں سے 31 نے ٹیسٹ پاس کر لیا لیکن بدقسمتی سے عمر اکمل یہ ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لئے سب سے اولین ترجیح پرفارمنس ہونی چاہیے،ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اگر کوئی ایسا کرے گا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔اظہرعلی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے انضمام نے کہا کہ اظہر علی بہت اچھا کھلاڑی ہے مگر ون ڈے میں ان کی کارکردگی بہتر نہیں ہے اور جہاں سینئر کی ضرورت پڑے گی وہاں اظہر علی کو استعمال کیا جائے گا،مگر ون ڈے کرکٹ کیلئے اظہر علی کی جگہ نوجوان کرکٹرز کو موقع دیاجارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کے علاوہ تمام کرکٹرز نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا ہے،ویسٹ انڈیز کی پچزاور ٹیم پہلے کی طرح نہیں ہے کنڈیشن ہماری طرح ہی کی ہیں۔نوجوان کرکٹرز کو اس لئے موقع دیا گیا ہے تاکہ ان کو سیکھنے کا موقع ملے،پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ٹائم گزارنا بھی نوجوان کرکٹرز کیلئے تجربہ حاصل کرنے کے مترادف ہے۔محمد عامر کو اس لئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ دورہ آسٹریلیا سے لیکر پی ایس ایل تک کھیل رہے ہیں اس لئے انہیں ٹی 20 میں آرام دیا گیا ہے اور وہ ہمارا مین باﺅلر ہے۔سہیل خان کو ڈراپ کرنے کے بارے انضمام نے کہا کہ ان کو اس لئے ڈراپ کیا ہے تاکہ نوجوان باﺅلرز کو چانس دیا جائے،لڑکے محنت کررہے ہیں اور امید ہے کہ ویسٹ انڈیز میں بہتر پرفارمنس دیں گے۔
 

 

Share this article

Leave a comment