Saturday, 30 November 2024


آسٹریلوی ہائی کمشنر کا دورہ پاکستان کے لئے کرکٹ بورڈ سے مطالبہ

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) مارگریٹ ایڈمسن نے پاکستان سپر لیگ کو کامیاب لیگ قرار دیتے ہوئے آسٹریلین کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان پر غور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے دنیا میں کرکٹ سیکیورٹی سے متعلق مثبت پیغام گیا۔
آسٹریلیا کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان او ر آسٹریلیا کے درمیان اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم اور روزگار کے لئے آسٹریلیا میں مقیم ہے جو کہ دونوں ممالک کی بہترین دوستی کی ایک واضح مثال ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کامیاب لیگ تھی اور لاہور میں فائنل کے کامیاب انعقاد سے دنیا میں کرکٹ کی سیکیورٹی سے متعلق مثبت پیغام گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ناصرف آسٹریلین کرکٹ بورڈ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان پر غور کرے بلکہ دنیا کی تمام ٹیموں کو پاکستان آنا چاہئے۔ پاکستان کرکٹ کے لئے ایک اچھا ملک ہے یہاں کے لوگ کھیل سے محبت کرتے ہیں۔
 

 

Share this article

Leave a comment