Saturday, 30 November 2024


کرپشن کا پھر سےکرکٹ کے ساتھ منسلک ہونا تکلیف دہ ہے

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ جس کھلاڑی نے بھی ملک کا نام بدنام کیا ہے اسے دوبارہ ویسی عزت نہیں ملنی چاہئے اور امید ہے کہ اس مرتبہ کچھ ایسے فیصلے لئے جائیں گے جو مثال بنیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ کرپشن کے کسی بھی کیس کا ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہونا تکلیف دہ چیز ہے کیونکہ 2010 کے بعد سب نے اپنے اوپر بہت سے کرفیو لگائے اور ایسی کسی بھی سرگرمی سے دور رہے اور اس دوران ایسا کوئی کیس بھی سامنے نہیں آیا۔
ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ جو بھی پاکستان کیلئے میچ کھیلتا ہے اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور یہ اس کی انفرادی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی عزت کو ٹھیس نہ پہنچائے اور اگر کوئی اسے غلطی کہتا ہے تو یہ غلطی نہیں بلکہ جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا بہت واضح موقف ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے کو عزت نہیں ملنی چاہئے اور جس نے بھی ملک کا نام بدنام کیا ہو اسے دوبارہ بالکل موقع نہیں ملنا چاہئے۔ امید کرتا ہوں کہ حالیہ کیس میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف ایسا ایکشن ضرور لیا جائے گا جو مثال بنے۔

 

Share this article

Leave a comment