Thursday, 28 November 2024


مصباح الحق کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف فتح کے لئے پُرعزم

ایمز ٹی وی(ایڈیلیڈ)قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا فیوریٹ ہے لیکن ضروری نہیں کہ فتح ہمیشہ فیوریٹ کے ہی حصے میں آئے۔

ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ فاتح ہمیشہ فیورٹ ٹیم ہی ہو، یہ میچ کے دن پر منحصر ہوتا ہے کہ کونسی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے، جو اچھا کھیلتا ہے فتح اسے ہی ملتی ہے، آسٹریلیا کی حالیہ کارکردگی بہت اچھی ہے، اس نے عالمی کپ سے قبل سہہ فریقی ون ڈے سیریز جیتی ہے اور وہ ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ہے لہذا اگر کوئی ٹیم اسے ہرا دیتی ہے تو یہ اپ سیٹ ہی ہوگا۔ اگر ہم نے آسٹریلیا کو ہرا دیا تو یہ پاکستانی کرکٹ کے نکتہ نظر سے بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ کوارٹر فائنل میں پاکستانی بولنگ اٹیک کینگروز پر اپنا تاثر قائم کرے گا اور ہمارے بلے باز بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ میگا ایونٹ کے اس مرحلے پر وہ خود پر کوئی دباؤ محسوس نہیں کرتے کیونکہ ورلڈ کپ جیتنے کی سوچ رکھنے والے کوارٹر فائنل کا دباؤ نہیں لیتے، صرف یہی سوچ رکھی جاتی ہے کہ مدمقابل آنے والی ہر ٹیم کو ہرانا ہے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے لئے بھی ان کا یہی مشورہ ہے کہ غیر ضروری دباؤ میں آنے کی بجائے پرسکون ہوکر میدان میں جائیں اور سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔

محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے مصباح الحق نے کہا کہ ایڈیلیڈ کی وکٹ اسپنر کے لئے کبھی بھی مددگار نہیں رہی ہے، موجودہ وکٹ پر بھی گھاس ہے اس لئے یاسر شاہ کی آسٹریلیا کے خلاف پلیئنگ میں شمولیت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل ان کے ون ڈے کریئر کا آخری میچ ثابت نہیں ہوگا لیکن اس کے ساتھ ہی انھیں اس بات کا اطمینان ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہوسکا انہوں نے پاکستانی کرکٹ کی خدمت کی کوشش کی۔

Share this article

Leave a comment