Friday, 29 November 2024


حکمران نسل در نسل حکمران اور عوام نسل در نسل غلام ہیں، سراج الحق

 

ایمز ٹی وی(رحیم یار خان) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کو نوازشریف کی نہیں ، درود شریف کی ضرورت ہے،حکمران پانامہ کیس میں ملوث ہیں، وکی لیکس میں ان کے نام ہیں ، لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک چھپاتے ہی، حکمرانوں کی چھتری تلے جاگیردار اور وڈیرے کسانوں کی محنت چوری کر رہے ہیں ، کسان خون پسینہ ایک کر کے فصل اگاتے ہیں جس کا انہیں مناسب معاوضہ نہیں ملتا، گندم کی فصل آتی ہے تو حکومتی پالیسیاں نہیں بنتیں اور گنا شوگر مافیا کھا جاتا ہے ، کاشتکار محنت کرنے کے باوجود فاقہ کشی پر مجبور ہیں کرپشن ، غربت ، مہنگائی و لوڈشیڈنگ حکمرانوں کا تحفہ ہیں ، کرپشن کے خلاف رد الفساد ناگزیر ہو گیاہے، جب تک جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی کی سرپرستی حکمران ٹولہ کرتا رہے گا ، کسان اور مزدور بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور رہیں گے ۔ رحیم یارخان میں بڑے عوامی جلسہ سے خطا ب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کے ظلم و ستم اور استحصال کا سب سے زیادہ شکار جنوبی پنجاب ہے جہاں کاشتکاروں کو زمینوں کے لیے پانی دستیاب ہے اور نہ ان کی بھیڑ بکریوں کو پینے کے لیے پانی ملتا ہے ، جنوبی پنجاب کے لوگ سارا سال محنت و مشقت کرتے ہیں اور جب فصل اٹھانے کا وقت آتاہے تو حکومت کی پالیسی آڑے آ جاتی ہے اور آڑھتی کسانوں سے اونے پونے گندم خرید کر انہیں ان کی محنت کی کمائی سے محروم کردیتاہے ۔ انہو ں نے مطالبہ کیاکہ گندم کے حوالے سے فوری طور پر سرکاری پالیسی کا اعلان کیا جائے تاکہ کسان کا استحصال نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ رحیم یارخان میں گنے کا کاشتکار ملز مافیا کے ظلم کا شکار ہے ، شوگر ملز مالکان کسانوں سے گنا خرید لیتے ہیں مگر انہیں قیمت ادا نہیں کی جاتی اور کسان بے چارہ سارا سال شوگر مافیا کے ہاتھوں ظلم کی تصویر بنارہتاہے ۔انہوں نے کہاکہ شوگر مافیا راج کی بجائے کسانوں اور مزدوروں کا راج دیکھنا چاہتاہوں، چارہ کسان اور کاشتکار ڈالتاہے اور بھینسوں کا دودھ اور مکھن جاگیردار اور وڈیرے کھاتے ہیں ، وہ دن دور نہیں جب غریب کسان اور مزدور اسمبلیوں میں پہنچیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ظالم جاگیرداراپنے لیے بجٹ بناتاہے تاکہ اس کی جاگیریں ، فیکٹریاں اور بنک بیلنس بڑھ جائے ، یہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلاموں کی اولاد ہیں ، یہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے ماہر ہیں، معاشی دہشتگردوں کی وجہ سے عوام تعلیم ، صحت و روزگار سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران نسل در نسل حکمران اور عوام نسل در نسل غلام ، یہ نظام مزید برداشت نہیں کریں گے،حکمران کہتے ہیں کہ نوجوان ناچنا سیکھیں ، ملک کو ہالی وڈ کے اداکاروں کی نہیں محمد بن قاسم اور ڈاکٹر قدیر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ناموس رسالتﷺ کے مسئلے پر حکمران کچھ نہیں کر سکے ، ممتاز قادری کو شہید کیا گیا ، حکمران کہتے ہیں کہ بین الاقوامی پریشر تھا ، بھارت کلبھوشن بھیجتاہے اور حکمران انڈیا کو بجلی دینے کا اعلان کرتے ہیں ، حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے جماعت اسلامی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم اقتدار میں آ کر تعلیم اور صحت کی سہولتیں ہر پاکستانی کے لیے مفت کریں گے، نوجوان کو روزگار اور بزرگوں کو بڑھاپا الاﺅنس دیں گے ، کسانوں کو زمین کی پیداوار اور مزدروں کو کارخانوں کی پیدا وار میں شامل کریں گے

 

Share this article

Leave a comment