Friday, 29 November 2024


پروفیسر ڈاکٹرریاض گرفتار۔۔۔ انجمن اساتذہ اپنے مطالبے پرڈٹ گئے

 

ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے مجلس عاملہ کے رکن اور شعبۂ اطلاقی کیمیا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ریاض کو فی الفور رہا کیا جائے-انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اس امر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ اساتذہ کو گرفتار کرکے ان پر جھوٹے مقدمے بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی کسی طور بھی اجازت نہیں دی جاسکتی-
انجمن کے صدر ڈاکٹر شکیل فاروقی کے مطابق فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں خان(خیبر پختونخوا) اور ڈاکٹر محبوب حسین (پنجاب)نے جامعہ کراچی کے اساتذہ کو یقین دلایا ہے کہ اساتذہ کی مرکزی قیادت ان کے ساتھ ہے-
سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے اساتذہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری، فپواسا اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اورسندھ یونیورسٹی اساتذہ کی انجمن کے صدر ڈاکٹر اظہر علی شاہ نے جامعہ کراچی کے اساتذہ کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ریاض احمد کو رہا کیا جائے اور ان کے خلاف قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں-
اراکین ِمجلس عاملہ نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ایک مہذب معاشرے میں نہ کہ صرف اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے بلکہ ناانصافیوں اور لا قانونیت کے خلاف جدوجہد بھی ہونی چاہیے- اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر ڈاکٹر ریاض کی رہائی کے لیے حکومت کی جانب سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پورے پاکستان کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا-

 

Share this article

Leave a comment