Friday, 29 November 2024


چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ پربھارت گلوبل ایونٹس سے باہر

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی اور چھوٹے بورڈز کو پیسے کی چمک کے ذریعے بگ تھری ماڈل بچانے کی کوشش رائیگاں گئی۔
عالمی کرکٹ کی چوہدراہٹ ختم ہونے بعد بھارت کو ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہی پڑے گی۔ بھارت اگر چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اس کو 2023 تک آئی سی سی کے شیڈول دیگر تمام گلوبل ایونٹس سے بھی باہر ہونے کا خطرہ ہے، جس میں ورلڈکپ 2019 اور2023 کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ورلڈٹی ٹوئنٹی ایونٹس شامل ہیں ۔
بی سی سی آئی نے ڈیڈلائن گذرنے کے باوجود ایونٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کرنے پر تاویلیں پیش کرنا شروع کردی ہیں۔ حکام کہتے ہیں کہ بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چودھری اور چیف آپریٹنگ آفیسر راہول جوہری چونکہ آئی سی سی اجلاس اور کپتان ویرات کوہلی کی آئی پی ایل میں مصروفیت کے سبب اسکواڈ کا انتخاب نہیں کیا جاسکا ہے۔
امید ہے کہ ٹیم ایک دو روز میں سلیکٹ کرلی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق بھارت کیلئے چیمپئنز ٹرافی سے الگ ہونا اس کی مشکلات میں مزید اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق غبارے سے ہوا نکلنے کے بعد اب بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر کیلئے مختلف تاویلیں دینا شروع کردی ہیں، جس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ جلد بھارتی بورڈ اپنے اسکواڈ کا اعلان کردے گا۔
بھارتی بورڈکے ایک ٹاپ آفیشل نے ڈیڈ لائن تک اسکواڈ کا اعلان نہ کرنے کا سبب تکنیکی وجوہات بتائی ہیں اور بھارتی بورڈ کا یہ دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بی سی سی آئی دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود اپنے افسران یا کپتان سے وڈیو کانفرنس کے ذریعے مشاورت اور ٹیم کی منظوری لے سکتا تھا۔
اس سلسلے میں پاکستان کی مثال سب کے سامنے ہے جس کے ون ڈے کپتان ویسٹ انڈیز، چیف سلیکٹر پاکستان میں جبکہ چیئرمین دبئی میں موجود تھے مگر اس کے باوجود اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر نہیں ہوئی۔
 

 

Share this article

Leave a comment