Friday, 29 November 2024


پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کے تڑکے کی تیاریاں شروع

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں عوام اور کمپنیز میں دلچسپی عروج پر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کا تڑکا لگایا ہے۔ نئی ٹیم کی شمولیت کے لیے دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں سے بولیاں طلب کرلیں ہیں۔ چھٹی ٹیم کے لئے نیلامی 31 مئی 2017 کو کی جائےگی۔
پاکستان کر کٹ بورڈ نے چھٹی فرنچائز ٹیم کے لئے پانچ ریجن کی ٹیموں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے، جن کا انتخاب ڈومیسٹک کر کٹ کی پر فارمنس اور میرٹ پر کیا گیا ہے ان میں حیدر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں۔
پی سی بی نے اس حوالے سے خواہش مند اداروں سے رابطے کو کہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن 2018 میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیزن کے دوران ہی پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کردیا تھا کہ اگلے سیزن میں ایک اور ٹیم کو شامل کر کے ٹیموں کی تعداد 6 کردی جائے گی، جس کی بدولت میچز کی تعداد اور شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔
اب اس ٹیم کی شمولیت کے لیے پی سی بی نے اشتہار جاری کردیا ہے جس میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں سے بولی طلب کرلی گئی ہے۔ اشتہار میں طریقہ کار کی بھی تفصیلی وضاحت کردی گئی ہے۔
اس سے پہلے دبئی میں آئی سی سی اجلاس سے واپسی پرنجم سیٹھی نے بتایا کہ ستمبر میں پاکستان میں ورلڈ الیون کی ٹیم آئے گی، جس کی قیادت سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے کریں گے اور تمام میچز لاہور میں کرائے جائیں گے۔
ٹیم میں تمام ممالک سے ایک سے دو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیگی۔
 

 

Share this article

Leave a comment